• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 157753

    عنوان: مولانا سعد صاحب كی بیان كردہ ایك حدیث كی تحقیق

    سوال: حضرت مولانا سعد صاحب دامت برکاتہم نے اپنے بیان کے دوران ایک حدیث بیان کی ”ایک بار آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) اور ایک صحابی کھانا کھانے بیٹھے ہوئے تھے، آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) نے دیکھا کہ وہ صحابی کھانا اُلٹے ہاتھ سے کھا رہے ہیں تو آپ نے فرمایا: اپنے سیدھے ہاتھ سے کھانا کھاوٴ، صحابی (رضی اللہ عنہ) نے اس بات میں اپنی ذلت محسوس کی اور کبر کی وجہ سے صحابی (رضی اللہ عنہ) نے آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) سے کہا: میرا سیدھا ہاتھ اٹھتا نہیں، یہ جواب سن کر آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) نے صحابی (رضی اللہ عنہ) کو بددعا دی تیرا ہاتھ کبھی نہ اُٹھے“ ، کیا یہ حدیث صحیح ہے؟

    جواب نمبر: 157753

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:495-720/B=8/1439

    یہ حدیث مسلم شریف اور مسند دارمی میں موجود ہے اور صحیح ہے، شارح مسلم قاضی عیاض رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ وہ شخص جس کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بددعا دی ہے وہ منافق تھا۔ اور ابن مندہ ابونعیم اور ابن ماکولا نے اس شخص کو صحابہ میں شمار کیا ہے، علامہ ابن حجر عسقلانی نے ”الاصابہ“ میں لکھا ہے کہ صحابی شمار کرنے والوں کا قول بے سند ہے۔ پھر حافظ ابن حجر نے ان اقوال کی یہ توجیہ کی ہے کہ جس وقت اس شخص نے کبر کی وجہ سے گستاخانہ جواب دیا تھا وہ اس وقت مسلمان نہیں تھا، بعد میں اسلام لے آیا ہوگا، صحابہ تو عاشق رسول تھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہرقول پر دل و جان کے ساتھ عمل کرتے تھے، اس طرح کا جواب کسی صحابی سے بہت بعید بات ہے۔ علامہ شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ نے بھی تکملہ فتح الملہم شرح مسلم میں لکھا ہے کہ حافظ ابن حجر نے جو بات لکھی ہے وہ سب سے زیادہ مناسب ہے۔ حافظ ابن حجر نے اس شخص کا نام الاصابہ میں ”بُحر بن راعی العَیر الاشجعی“ لکھا ہے ملاحظہ فرمائیں (الاصابہ: ۱/۵۴۴و ۵۴۵)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند