• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 157315

    عنوان: نماز کے بعد مسنون اعمال كی طرف رہنمائی فرمادیں

    سوال: جناب مفتی صاحب میں نے ایک جگہ پڑھا تھا کہ دن میں پانچ نمازوں کے بعد ان سورتوں کو پڑھنے کا بڑا فائدہ ہے ؛ ۱- فجرکی نماز کے بعد سورة الیسین، ۲- ظہرکی نماز کے بعد سورة الفتح ، ۳- عصرکی نماز کے بعد سورة النباء، ۴- مغربکی نماز کے بعد سورة الواقعہ، ۵- عشائکی نماز کے بعد سورة الملک مہربانی فرما کر اس بارے میں مسنون و افضل عمل کی طرف رہنمائی فرما دیں۔

    جواب نمبر: 157315

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:329-242/sd=3/1439

    (۱تا ۵) صبح کے وقت سورہ یس اور رات میں سورہ ملک اور سورہ واقعہ پڑھنے کی فضیلت احادیث میں وارد ہوئی ہے ، حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ جس شخص نے رات میں اللہ کی رضا کے لیے یٰسین پڑھی تو اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت فرمادیں گے ۔(طبرانی بحوالہ اتقان۔)حضرت انسسے مروی ہے کہ جو شخص ہر رات یٰسین شریف پڑھنے کا پابند ہو اور پھر وہ انتقال کر جائے ، تو شہادت کا درجہ پائے گا۔ ( طبرانی بحوالہ اتقان)حضرت عبداللہ بن مسعودحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نقل کرتے ہیں کہ جو شخص ہر رات سورہ واقعہ پڑھے گا، اسے کبھی فاقہ نہیں ہوگا اور حضرت ابن مسعوداپنی بیٹیوں کو حکم فرماتے وہ ہررات سورہ واقعہ پڑھا کرتی تھیں۔ (بیہقی بحوالہ فضائل قرآن) حضرت عبداللہ بن مسعودکی حدیث ہے جو شخص ہر رات سورہ مُلک پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اسے عذاب قبر سے محفوظ رکھیں گے ۔ (ترمذی) اور ظہر کے بعد سورہ فتح اور عصر کے بعد سورہ نبا کے سلسلے میں ہمیں کوئی صراحت نہیں مل سکی؛ البتہ عصر کے بعد احادیث میں مستقل دعائیں پڑھنے کی ترغیب آئی ہے ، اس سلسلے میں الحزب الاعظم ، مناجات مقبول وغیرہ سے استفادہ کیا جائے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند