• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 149783

    عنوان: دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کی دلیل کیا ہے؟

    سوال: (۱) دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کی دلیل کیا ہے؟ (۲) کیالیدر (leather/چمڑا) کی جیکیٹس (jackets) وغیرہ پہننا جائز ہے؟ کیونکہ ہمیں پتا نہیں ہوتا ہے کہ لیدر کس جانور کا بنا ہوا ہے، اور اگر جائز نہیں ہے تو لیدر کے بیلٹس، جوارب (juraab) وغیرہ کیوں پہنے جاتے ہیں؟ (۳) کیا وہ پرفیوم / ڈیو لگانا جائز ہے جس میں الکوحل ہو؟ کیا ان کپڑوں میں نماز پڑھی جاسکتی ہے؟ شراب پینا حرام ہے مگر؛ کیا جسم پر لگ جانے سے بھی جسم ناپاک ہوجاتا ہے؟

    جواب نمبر: 149783

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 799-708/H=7/1438

    (۱) قال ابن مسعود رضي اللہ عالی عنہ علّمني النبي صلی اللہ علیہ وسلم التشہد وکفّي بین کفیہ (صحیح البخاری، باب المصافحة: ۲/ ۹۲۶) والسنة أن تکون (المصافحة) بکلتا یدیہ وبغیر حائل من ثوب أو غیرہ (رد المحتار في باب الاستبراء من کتاب الحظر والإباحة)

    (۲) لیدر (چمڑے) کے جیکٹس، بیلٹس، جوارب پہننا جائز ہے، البتہ اگر خنزیر کی کھال سے یہ چیزیں بنی ہوئی ہوں اور تحقیق سے خنزیر کی کھال سے بنایا جانا ثابت ہو یا ظن غالب ہوتا ہو تو ایسی صورت میں پہننا جائز نہیں، علاوہ خنزیر کے دوسرے جانوروں کی کھالوں سے بنی ہوئی ہوں تو جائز ہے۔

    (۳) جس پرفیوم / ڈیو میں الکوحل کی آمیزش ہو بہتر تو یہی ہے کہ اس کو استعمال نہ کیا جائے تاہم بعض محققین اہل فتوی حضرات کی تحقیق یہ ہے کہ الکوحل ان اشربہٴ محرمہ میں سے نہیں ہے کہ جن کا بنص قطعی حرام ہونا ثابت ہے اور اس کا ایک قطرہ بھی حرام ہے اس لیے جن دواوٴں یا پرفیوم وغیرہ میں یہ پڑا ہوا ہو ان کے استعمال میں گنجائش ہے تکملہ فتح الملہم میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ نے جو صراحت فرمائی ہے اس سے اسی طرح ثابت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند