• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 148368

    عنوان: حافظے کی شکایت دور کرنے کے لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سی دعا سکھائی تھی؟

    سوال: وہ دعا کیا ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی گھڑی پر پڑھی تھی جب انہوں نے ضعف حفظ کی شکایت کی تھی اور اس کے بعد سے وہ کبھی کوئی چیز نہیں بھولے؟

    جواب نمبر: 148368

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 315-358/N=6/1438

     حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں گھڑی نہیں تھی ، گھڑی بہت بعد کی ایجاد ہے ،معلوم نہیں کہ آپ نے گھڑی کا لفظ کہاں پڑھ لیا یا سن لیا؟ البتہ حضرت ابو ہریرة رضی اللہ عنہ  کی ایک روایت میں ہے: ایک روز حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سے کوئی شخص اپنا کپڑا بچھادے میری بات (دعا)مکمل ہونے تک ، اس کے بعد اسے اپنے سینے سے لگالے تو وہ میری کوئی بات کبھی نہیں بھولے گا، حضرت ابوہریرہرضي الله عنه کہتے ہیں کہ میں نے اپنی وہ چادر بچھادی، جس کے علاوہ مجھ پر کوئی کپڑا نہیں تھا یہاں تک کہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بات مکمل فرمالی، پھر میں نے اسے اپنے سینہ سے لگالیا ، اس کے بعد اس ذات کی قسم جس نے حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بر حق دین دے کر بھیجا، آپ کی کوئی بات آج تک میں نہیں بھولا ( صحیحین بحوالہ مشکوة شریف ص ۵۳۵، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند)، لیکن کسی حدیث میں اس دعا کی صراحت نہیں ملی جو آپ نے مانگی، اور یہ روایت صاحب مشکوة نے باب فی المعجزات میں ذکر فرمائی ہے ، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ تھا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند