India
سوال # 1705
کیا کیکڑا ور جھینگا کھانا حلال ہے؟ براہ کرم ، قرآن کے حوالے سے جواب دیں۔ (۲) اگر الکوحل کو شوگر اسکریپ (گنے کے رس کا فضلہ) سے بنا یا جائے تو کیا اس الکوحل کو پر فیوم میں استعمال کرنا حلال ہے؟
Published on: Nov 3, 2007
جواب # 1705
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 619/ م= 614/ م
(۱) دریائی جانوروں میں صرف مچھلی حلال ہے اور کیکڑا مچھلی میں داخل نہیں، لہٰذا کیکڑا حلال نہیں، در مختار میں ہے: فلا یجوز اتفاقًا کحیات وضبّ و ما في بحرٍ کسرطان إلا السمک۔ جھینگے کے بارے میں اختلاف ہے کہ وہ مچھلی ہے یا نہیں؟ جن حضرات کے نزدیک اس کا مچھلی ہونا محقق ہے وہ جائز کہتے ہیں۔ اور جن کے نزدیک مچھلی کی تعریف اس پر صادق نہیں آتی وہ اسے ناجائز کہتے ہیں، بہرحال یہ ایک اجتہادی مسئلہ ہے کسی جانب تشدد اختیار کرنا ٹھیک نہیں، اورجھینگا کھانے سے اجتناب کرنا زیادہ مناسب اور احوط ہے: جھینگے کی شرعی حیثیت کے عنوان سے ایک مفصل اور محقق مقالہ فقہی مقالات موٴلفہ حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب میں موجود ہے اس کا مطالعہ فرمالیں۔
(۲) گنے کے رس کے فضلہ سے بنایا گیا الکوحل، پرفیوم میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
اس موضوع سے متعلق دیگر سوالات
کچھ لوگ چاندی کی انگوٹھی میں ایک یمنی عقیق پتھر پہنتے ہیں، یہ میرون رنگ کاہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یمنی عقیق پتھر پہنا ہے۔ بریلوی تو سب پہنتے ہیں اور دیوبند کے بھی بڑے بڑے خطیب ہیں جو پہنتے ہیں۔ تو کیا یہ حقیقت میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے یا نہیں؟
میں ایک یونیورسٹی کا طالب علم ہوں۔ میں گھر میں اسلامی ڈریس پہنتا ہوں، لیکن یونیورسٹی میں پینٹ شرٹ پہنتا ہوں۔ اس میں آرام زیادہ ملتا ہے؛ کیوں کہ اسے آسانی کے ساتھ دھلا اور پریس کیا جاسکتا ہے، نیز اسے کئی دن تک پہنا جاسکتا ہے؟ کیا ایسا کرنا درست ہے یا نہیں؟
شرعی لباس کیا ہے؟ کرتا اور پاجامہ شرعی لباس ہے، اس کی دلیل کیا ہے؟ کیا شریعت نے کرتا پاجامہ کو شرعی لباس کہا ہے؟
فتوی 220/ل میں آپ نے کہا کہ انگوٹھی پہننا سنت نہیں بلکہ جائز ہے اور نہ پہننا افضل ہے، جب کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انگوٹھی پہنی تو پھر یہ سنت کیسے نہیں ہوئی؟ رد المحتار ہمارے لیے حجت نہیں۔ اگر نبى نے پہنی ہے تو کیا سنت نہیں ہوئی؟ تفصیل سے بتائیں۔
میں ڈریس (لباس) کے سلسلے میں سوال کرنا چاہتا ہوں۔ سنت لباس کیا ہے؟ پینٹ ، شرٹ، ٹائی کیا صحیح اور قابل قبول لباس ہے؟
مرد کو شلوار کو ٹخنوں سے اوپر رکھنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ کیا صرف نماز کے وقت ہی اوپر رکھنا ضروری ہے یا ہر وقت اوپر واجب ہے؟
میں غیر مسلم دعوتوں میں چکن اور مٹن نہیں کھاتا ہوں۔ لیکن مچھلی (فرائی کی ہوئی یا پکائی ہوئی) کا کیا حکم ہے؟ کیوں کہ ہمیں شبہہ ہے ان مچھلیوں کو بھی اسی تیل میں فرائی کیا جاتا ہے یا پکایا جاتا ہے جس میں چکن کو کیا جاتا ہے۔ کیا ایسی پارٹیوں میں مچھلی کھانا درست ہے یا نہیں؟
درج ذیل صورت حال سے متعلق حکم سے آگاہ فرمائیں۔ میرے ساتھیوں نے ایک دعوت کا پروگرام بنایا۔ مجھے ان کے پروگرام کا علم نہیں تھا۔ انھوں نے مجھ سے بھی جانے کو کہا اور میں نے ہامی بھرلی، مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ کہاں جارہے ہیں (ویسے ہم عموماً حلال ریسٹورینٹ میں ہی جاتے ہیں)۔ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ اس مرتبہ وہ مقامی بارمیں جارہے ہیں ۔ سب نے کھانا کھایا لیکن میں نے صرف سلاد لیا کیوں کہ شاید مینو میں حلال چیز صرف یہی تھی۔ جب ہر ایک نے مشروبات کا آرڈر دیا ، تو مجھ سے پوچھا گیا، میں نے ایک پھل کا (حلال) مشروب منگوایا۔ بعد میں محسوس ہوا کہ جس گلاس میں مجھے وہ مشروب دیا گیا اس گلاس میں شاید شراب پیش کی گئی ہو۔ اس خیال سے مجھ میں خوف اور پریشانی کا احساس ہے۔ از راہ کرم، مجھے بتائیں کہ کیا اس گلاس کی وجہ سے میرا مشروب حرام ہوگیا تھا اور وہ شراب پینے مساوی تھا؟ میں نے تہیہ کیا ہے کہ میں اب بار میں نہیں جاؤں گا، حتی کہ اسٹاف کے ساتھ کھانے کے لیے بھی نہیں۔