• معاشرت >> ماکولات ومشروبات

    سوال نمبر: 146176

    عنوان: کیا سیگریٹ پینا حرام ہے؟

    سوال: کیا سیگریٹ پینا حرام ہے؟ وضاحت فرمائیں۔ (۲) میری بہن ہندو ہوگئی ہے، وہ مسلمان ہونے کی کوشش کررہی ہے، لیکن ابھی تک ہندو ہے، کیا ہم اس کے گھر جاسکتے ہیں؟اس کے گھر کھاسکتے ہیں؟کیا اس سے کچھ ہینڈ لون خرید سکتے ہیں؟ (۳) تقوی کے لیے کوئی دعا بتائیں۔

    جواب نمبر: 146176

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 174-139/H=2/1438

    (۱) حرام ہونے کا تو حکم نہیں ہے مگر کراہت سے خالی بھی نہیں ہے بعض سگریٹ میں تمباکو کے ساتھ کچھ نشہ آور مادہ بھی شامل ہوتا ہے ایسی سگریٹ کا پینا ناجائز ہے سگریٹ پینے سے منہ میں بدبو ہوجائے اور اس کو زائل کئے بغیر مسجد میں یا مجلس میں جائے کہ جس کی وجہ سے انسانوں اور فرشتوں کو اذیت پہنچے تو کراہت میں مزید شدت پیدا ہو جائیگی اس کا پینا اسراف اور تبذیر بھی ہوسکتا ہے الغرض اس میں بہت سے مفاسد و خرابیاں ہیں اس لیے اس کا پینا ترک کردینا چاہئے۔

    (۲) اس کو سمجھانے کی نیت سے چلے جائیں اور اس کی دلداری میں کبھی کچھ کھالیں تو اس میں گنجائش ہے ہینڈ لون اور اس کی خریداری کی کیا صورت ہے؟ اس کو وضاحت سے لکھئے۔

    (۳) ہر معاملہ میں جائز و حلال کو اختیار کریں حرام و مکروہات سے اجتناب کرنے میں سعی کرتے رہیں اداءِ حقوق کی فکر رکھیں بغیر کسی وجہِ شرعی کے کسی کو تکلیف نہ دیں اتباعِ سنت کو لازم پکڑیں خلافِ سنت کاموں سے بچتے رہیں ہر نماز کے بعد اور سوتے وقت تین تین مرتبہ درود شریف اول و آخر اور درمیان میں اللہم اٰتِ نفوسنا تقواہا وزَکِّہَا أنت خیر من زَکّٰہَا أنت ولیہا ومولٰہا پڑھ کر اپنے سینہ پر دم کرکے حصولِ تقوی کی دعاء کرنے کا اہتمام کریں۔ اللہ پاک آپ کو اور جمیعِ متعلقین کو تمام مقاصدِ حسنہ میں کامیابی عطاء فرمائے، مکارہ اور شرور و فتن سے محفوظ رکھے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند