• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 166002

    عنوان: كوئی وظیفہ بتائیں جس سے میری والدہ کی صحت اور ہمارے گھریلو حالات درست ہو جائیں

    سوال: اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ کسی پیری مریدی، تعویذ ، بیعت پر بھروسہ نہیں ہے پر کچھ حالات کی وجہ سے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمارے گھر میں کوئی نظر بد یا بندش ہے، اس حوالے سے کوئی دعاء یا تعویذ بتادیں۔ میری والدہ دن بدن بیمار ہوتی جارہی ہیں کیونکہ ہم سب کی لاکھ کوششوں کے باوجود کوئی کامیابی یا خوشی نہیں دکھ رہی ۔ الحمد للہ! سب بہت بہتر ہیں پر امی ہماری شادی کی وجہ سے بہت پریشان ہیں، والد نے دوسری شادی کرلی۔ معاشرے نے قصوروار ہمیں کہا، ۵/ بیٹیوں اور ۲/ بیٹوں کا ساتھ ہے۔ میں بڑی ہوں اور میرا نکاح ہوا تھا پر اُن لوگوں کے جہیز کی ڈیمانڈ کی وجہ سے ٹوٹ گیا۔ بہت رشتے والوں کو پیسے دے رہے ہیں پر حل نہیں آرہا۔ سب کچھ بہتر چلتے ہوئے اچانک سے میرے نکاح کے بعد سب نقصان ہونے لگا، میرا رشتہ لگا اور ایک مہینہ میں میرے نکاح سے پہلے میری والدہ اچانک سے سخت بیمار پر گئیں تھیں، سارا دن افرا تفری میں پڑی رہتی تھیں کوئی خوش نہیں تھا، علاج ہوا ڈرِپ لگی، ٹیسٹ ہوئے، کوئی وجہ سامنے نہیں آئی، لاکھ ڈیمانڈ کے باوجود امی نے وہ نکاح کروایا اور پھر وہ خود ہی کچھ دنوں میں ٹھیک ہوگئیں۔ اور اس کے بعد میرے نکاح کو لے کر یہ سب کچھ ہوا اور تین مہینوں میں نکاح ختم ہوگیا۔ اس کے بعد سے کسی کے نہ رشتے کی بات چلتی ہے نہ کوئی خوشی گھر میں آرہی ہے، میری والدہ اس ٹینشن سے بہت بیمار رہنے لگیں ہیں۔ ہم ۵/ بہنیں ہیں، کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ میری والدہ کی صحت اور ہمارے گھریلو حالات خوشحال ہو جائیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 166002

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 252-187/B=2/1440

    روزانہ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّةَ إلَّا بِاللّہِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْم ۵۰۰/ مرتبہ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ اور لَاإلٰہَ إلَّا أنْتَ سُبْحَانَکَ إنِّيْ کُنْتُ مِنَ الظَّالِمِیْنَ جس قدر ہو سکے پڑھتے رہیں اور مغرب کے بعد سورہٴ واقعہ پڑھ لیا کریں۔ ان شاء اللہ ان دعاوٴں کی برکت سے ساری پریشانیاں دُور ہو جائیں گی، اور چین و سکون کی زندگی نصیب ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند