• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 157846

    عنوان: خود سے اوراد وظائف مقرر كركے پڑھنا؟

    سوال: حضرت، میں اسلام پسند اور پانچ وقت کا نمازی آدمی ہوں اور ملک سے باہر ہوں، حضرت مجھے بہت شوق ہے کتابیں پڑھنے اور اسلامی وظایف پڑھنے کا ۔حضرت میرا سوال یہ ہے کہ اگر میں اپنے حساب سے اپنے لیے وظایف مقرر کرسکتا ہوں؟میں نے صبح اور شام کو مختلف درود اور قرآنی آیتیں مقرر کی ہے ، مثال کے طورپر صبح تو بہت ہے لیکن عصر کے بعد درود ابراھیمی اور شام کے بعد آیت الکرسی یہ تقریبا 2/2 گھنٹے کا تو کیا کیا یہ ٹھیک ہے ؟

    جواب نمبر: 157846

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:484-378/sn=5/1439

    (الف) مستند وظائف مثلاً معتبر درود، آیت الکرسی اور دیگر آیتیں اور ادعیہ خود بھی مقرر کرکے پڑھ سکتے ہیں؛ لیکن بہتر یہ ہے کہ کسی متبع سنت شیخ سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کرلیں اور ان کی حسب ہدایت کم ازکم ان کے علم میں لاکر وظائف پڑھیں، اس میں زیادہ فائدے کی امید ہے۔ (ب) مناجاة مقبول اسی طرح زاد السعید (از حضرت اقدس تھانوی رحمہ اللہ) میں مستند وظائف، ادعیہ اور درود موجود ہیں اگر اپنے طور پر ہی وظائف پڑھنے ہیں تو یہ کتابیں حاصل کرکے ان میں مذکور وظائف واوراد وغیرہ حسب ہدایات موٴلف پڑھیں، ان شاء اللہ زیادہ فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند