• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 152354

    عنوان: خواب کے اعمال کا حکم بیداری کے اعمال سے مختلف ہوتا ہے

    سوال: (۱) روزے کی حالت ۵-۴/ مرتبہ میں نے یہ خواب دیکھا کہ میں خوب کھا پی رہا ہوں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ میرا روزہ قبول نہیں ہو رہا ہے؟ (۲) آج میں نے خواب دیکھا کہ میرے ساتھ ایک دوسرا انجان لڑکا بدکاری کر رہا ہے اور لوگوں نے مجھے دیکھ لیا اور محلہ میں ہر طرف میری بے عزتی ہو رہی ہے اور میں پریشان گھبرایا ہوا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ کہیں یہ دونوں خواب ایک دوسرے سے وابستہ تو نہیں ۔ نوٹ: ۴۵-۴۰/ دن پہلے میری بہن ٹی وی دیکھ رہی تھی تو میں نے اس کو غصہ سے ہی بولا کہ ماروں گا کہ سر لڑ جائے گا اور مر جاوٴ گی اور اپنی امی کے پاس گیا اور ان سے بھی کہا کہ گھر میں رہ کر بھی بولتی نہیں ہیں ان سب کو، بس اتنا کہنا تھا کہ کل سے میرا کھانا پینا بند کر دیا گیا، جب سب کھا کر نکل جاتے تو میں چپکے سے جاکر کھا لیتا، ایسے ہی آٹھ روز چلا، پھر اور بات بڑھ گئی اور میری امی نے غصہ میں آکر میری اولاد کو بد دعا دیدی جب کہ ابھی میری شادی نہیں ہوئی ہے اور مجھے مزید غصہ آگیا کہ ایک تو میرا کھانا بند اور اوپر سے ماں کی بددعا، تب سے آج تک ہم دونوں سے بگاڑ ہے اور ہر وقت مجھے یہ بات پریشان کرتی رہتی ہے کہ کہیں میں والدین کا نافرمان تو نہیں۔ لیکن میں ان کے لیے ہر روز دعا کرتا ہوں مگر مجھے یہ بات بہت پریشان کرتی ہے کہیں میں والدین کا نافرمان ہوا تو میری عبادت اور روزہ بھی قبول نہیں ہوگا۔ میری رہنمائی فرمائیں کہیں یہ خواب اسی سے وابستہ نہیں؟

    جواب نمبر: 152354

    بسم الله الرحمن الرحيم

     

    Fatwa ID: 927-761/D=9/1438

    (۱) ایسا نہیں ہے یہ تو غیب سے تقویت پہونچائی جارہی ہے۔

    (۲) خواب کے اعمال کا حکم بیداری کے اعمال سے مختلف ہوتا ہے لہٰذا بیداری میں بدفعلی کا جوحکم ہے وہ خواب کا نہیں ہے لہٰذا خواب میں کسی انجان لڑکے کا بدکاری کرنا اس طرف اشارہ ہے کہ جس سے بدکاری کی جارہی ہے اس کی عمر دراز ہوگی۔ یہ دونوں خواب الگ الگ ہیں کوئی پریشان ہونے کی بات نہیں ہے۔ آپ نے اپنی بہن کو ٹی وی دیکھنے پر ٹوکا اچھا کام کیا والدہ کا اس پر آپ سے ناراض ہونا غلط ہے اور بد دعا دینا بھی غلط ہے اس سلسلے میں قصور وار وہ ہیں لہٰذا آپ پریشان نہ ہوں البتہ کسی قسم کی بے ادبی گستاخی کرنے سے بچیں اور ان کے لیے بالخصوص دعا کرتے رہیں اللہ تعالی سب کی اصلاح فرمائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند