• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 148272

    عنوان: خواب میں دیکھا کہ گھر کے باہر آسمان میں سورة طور چھپی ہوئی ہے؟

    سوال: 2015ء میں عمرہ کرنے کے دوران مدینہ میں میں ایک خواب تھا کہ میرے گھر سے باہر آسمان میں سورة طور چھپی ہوئی ہے، اور جیسے ہی میں نے سورة طور کو چھپا ہوا دیکھا تو میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، اور میری بڑی بہن میرے بغل میں کھڑی تھی اور میری والدہ کے آنے سے پہلے خواب ختم ہوگیا، میری آنکھ کھلی تو بالکل عجیب سا لگا، اس وقت مجھے اس سورة کے بارے میں معلوم نہیں تھا، اس کے بعد میں حرم میں جا کر قرآن کریم کو کھولا تو ڈائریکٹ سورة طور ہی کھلی جس سے میری حیرت اور بڑھ گئی، اس کے بعد بہت مرتبہ ایسا ہوا کہ قران کریم کھولنے پر سورة طورہی کھلتی جب کہ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہوتا تھا، میں نے یہ خواب کسی فیملی ممبر اور رشتہ دار کو نہیں بتایا مگر گذشتہ سال جب میری والدہ میرے لیے کار خرید رہی تھیں تو پیسہ گم ہوگیا، اس واقعہ کے دن ہی اللہ نے میرے دل میں بات ڈالی کہ میں یہ خواب والدہ کو بتادوں اور والدہ خواب سن کر کافی متاثر ہوئیں، وہ فوراً قرآن کے پاس گئیں اور اس کو کھولا تو ڈائریکٹ سورہ طورہی کھلی، اس کے بعد سے کئی مرتبہ میری والدہ نے قرآن کھولا تو ڈائریکٹ سورة طور ہی کھلی جب کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، والدہ نے ایک نیا قرآن کھولا اور الگ سے ایک بک مارک(مارکر) خریدا اور اس کو قرآن میں رکھ دیا اور قرآن کو ٹیبل پر رکھ دیا، اگلے دن جب وہ بک مارک کے پاس گئیں تو دیکھا کہ یہ بک مارک سورة طور میں رکھا ہوا ہے اور قرآن نیا ہے مگر اس کے صفحات ایک دوسرے سے چپکے ہوئے ہیں۔ والدہ کا بک مارک کو وہاں رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔زیادہ گمان یہ ہے کہ اللہ کچھ کہنا چاہتاہے، ہم دونوں کافی تشویش میں ہیں، یہ تحریر لکھتے ہوئے میری آنکھوں سے اسی طرح آنسو بہہ کر میرے گال پر گر رہے ہیں جس طرح میرے خواب میں گر رہے تھے۔ براہ کرم، تعبیر بتائیں۔

    جواب نمبر: 148272

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 530-494/H=5/1438

    ماشاء اللہ عمدہ بہت عمدہ خواب ہے، تعبیر یہ ہے کہ آپ کے گھرانے کو حیوٰة المسلمین (ب) فضائل اعمال (ج) فضائل صدقات اور تفسیر معارف القرآن (للشیخ مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ) سے بہت فائدہ پہنچے گا۔ آپ اور گھر میں دیگر افراد ان کتابوں کے مطالعہ کرنے اور سننے سنانے کا اہتمام کیا کریں درود شریف کی کثرت رکھیں، اللہ پاک خواب کے برکات و ثمرات سے متمتع فرمائے، آمین۔ تفسیر معارف القرآن میں سورہٴ طور کی تفسیر پہلے مطالعہ کرلیں اور گھر میں بھی سنادیں۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند