• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 147134

    عنوان: خواب میں مرحوم کا کسی سے تلاوت نہ کرنے پر سوال کرنا؟

    سوال: میری والدہ کا انتقال اسی سال مارچ ماہ ہوا تھا، میری والدہ کو پیٹ کا کینسر تھا، ان کے آخری 3 ماہ بہت سخت گزرے .. انہی لقوہ بھی ہو گیا تھا آخری 3 ماہ میں... بیماری کا اکثر حصہ بیٹی کے گھر گزرا... جہاہ بہن کی نند اور ساس پھی میری والدہ کی عیادت کے لئے آتی تھیں۔ میری بہن کی ساس اور نند کافی دیندار اور اخلاق والی ہے .. میری بہن کی نند کی شادی نہیں ہوئی ہے ، آج دسمبر 1 کی رات میں میری بہن کی نند کو خواب میں میری والدہ دیکھی اور وہ میری بہن کی نند سے کہہ رہی ہے کہ تم نے 17 پارہ کیوں نہیں پڑھا اب تک.. میری بہن کی نند کو میری والدہ بیڈ پر لیٹی ہوئی دیکھی لیکن والدہ کی صحت اتنی درست تھی کہ وہ آرام سے بات کر رہی تھی ۔ خواب کا کیا مطلب ہوا؟مجھے اور میری بہن کو خواب میں والدہ کیوں نہی دکھتی۔ کوئی وظیفہ بھی بتا ئے اس کے لئے ۔

    جواب نمبر: 147134

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 283-228/D=3/1438

     

    خواب دکھنا یا کسی کا خواب میں نظر آنا یہ انسان کے اختیار کی چیز نہیں ہے نہ ہی کسی میت کے اختیار میں ہے کہ جس کے پاس چاہے خواب میں چلا جائے، یہ سب منجانب اللہ ہے پھر بھی نہ اس سے دنیا یا آخرت کی کوئی کامیابی وابستہ ہے نہ آدمی اس کا مکلف ہے کہ اس کی تمنا و آرزو کرے۔ لہٰذا بس ایصال ثواب کریں یہ کافی ہے بہن کی نند کو سترہواں پارہ پڑھنے کے لیے جو کہا گیا تو انہیں چاہئے کہ کم از کم اتنا پڑھ کر مرحوم کو اس کا ثواب پہنچا دیں، اس کے علاوہ اور بھی تلاوت کرکے ایصال ثواب کردیں۔

    -----------------------

    ۱۷/ ویں پارہ میں خاص طور پر قیامت کی ہولناکی کا ذکر ہے اس لیے موت سے غافل نہیں رہنا چاہئے ہمہ وقت اس کی تیاری میں لگے رہنا چاہئے۔ (ل)

     


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند