• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 163982

    عنوان: شوہر کا بیوی کی میت کو یا بیوی کا شوہر کی میت کو غسل دینے کا حکم

    سوال: (۱) اگر شوہر مرجائے تو بیوی غسل دے سکتی ہے؟ (۲) اور بیوی مرجائے تو شوہر غسل دے سکتا ہے؟ کیا ان کا نکاح ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں مجھے دلیل سے جواب دیں۔ (۳) میں نے کچھ احادیث میں پڑھا ہے وہ میں کس طرح آپ کو مینشن کروں؟

    جواب نمبر: 163982

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1188-1094/SN=1/1440

    (۱، ۲) جی ہاں! دے سکتی ہے؛ کیونکہ شوہر کے انتقال کے بعد بھی جب تک بیوہ عدت میں ہوتی ہے نکاح باقی رہتا ہے؛ لیکن بیوی کا انتقال ہو جائے تو شوہر کے لئے مردہ بیوی کو غسل دینا شرعاً جائز نہیں ہے؛ کیونکہ اس صورت میں نکاح بالکلیہ ختم ہو چکا ہوتا ہے۔ ویمنع زوجہا من غسلہا ومسہا لا من النظر إلیہا علی الأصح ․․․․․․ وہی لاتمنع من ذلک ․․․․․․ قلت: أي لأنہا تلزمہا عدة الوفاة ولولم یدخل بہا، وفی البدائع: المرأة تغسل زوجہا لأن إباحة الغسل مستفادة بالنکاح، فتبقی مابقي النکاح والنکاح بعد الموت باقی إلی أن تنقضي العدة الخ (درمختار مع الشامی: ۳/۹۰، ۹۱، ط: زکریا) ۔

    (۳) جو حدیثیں آپ نے پڑھی ہیں، انہیں بہ حوالہ لکھ کر Emailکے ذریعے دارالعلوم میں بھیج دیں؛ تاکہ ان میں بھی غور کیا جاسکے؛ باقی اگر آپ اعلاء السنن میں اس بحث کو دیکھ لیں تو ان شاء اللہ تشفی ہو جائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند