• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 152863

    عنوان: میت کے کپڑوں کا حکم

    سوال: میت کے لیے سب سے پہلے کونسا کپڑا بچھایا جائے گا اور کتنا میٹر لمبا اور کتنا میٹر چوڑا ہوگا؟ اسی طرح تفصیل میں بتائیں کہ کس کے بعد کونسا کتنا میٹر لمبا اور کتنا میٹر چوڑا ہوگا مردوں اور عورتوں کے لیے؟ اور یہ واضح کریں کہ ازار پیر سے لے کر سر تک رہے گا یا جتنا بڑا تہبند ہم لوگ پہنتے ہیں؟ نیز میری ایک اور گذارش یہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی دائمی تقویم اگر اپنی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کردیں تو بہتر ہوگا۔

    جواب نمبر: 152863

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1188-1373/H=12/1438

    (۱) ایک لکڑی یا دھاگہ لے کر میت کے سر سے پیر تک ناپ لو دوسرا دھاگہ لے کر میت کی کمر اور سینہ کے نیچے سے نکال کر دھاگہ کے دونوں سروں سے چھ سات گرہ عرض میں زیادہ ناپ لو پھر سر سے پاوٴں تک برابر والی لکڑی یا دھاگہ کے بقدر لمبی اور عرض والے دھاگہ کے بقدر چوڑی ایک چادر لو اس کو ازار کہتے ہیں اور اس چادر سے تقریباً چار پانچ گرہ بڑی دوسری چادر لو جو عرض میں ازار کے برابر ہو اس کو لفافہ کہتے ہیں کرتا بغیر آستین اور بغیر کلی کا اس کو کفنی یا قمیص کہتے ہیں جو گردن سے پاوٴں تک ڈبل پارٹ کا ہوگا جس کو بیچ میں سے عرض میں شگاف دیدیں۔

    مرد کو کفنانے کی یہ صورت ہوگی کہ چارپائی پر پہلے لفافہ بچھائیں اس کے اوپر ازار بچھادیں پھر کرتہ اس طرح کہ اس کا نچلا حصہ تو ازار پر رہے گا اور اوپر والے حصہ کو پاوٴں کی طرف سے سمیٹے ہوئے سرہانہ تک لے آئیں پھر میت کو غسل والے تختہ سے اطمینان سے اٹھا کر بچھے ہوئے کفن پر لٹادیں اور قمیص (کفن) کا جو حصہ سرہانہ کی طرف لپیٹ کر رکھا تھا اس کو سرسے سینہ کی طرف اُلٹ دیں تاکہ قمیص کا سوراخ گلے میں آجائے اور پھر اس کو پیروں کی طرف بڑھادیں جب قمیص پہنادیں تو غسل کے بعد جو تہبند میت پر ڈالا گیا تھا اس کو نکال دیں اور پیشانی پر ناک پر دونوں ہتھیلیوں پر دونوں گھٹنوں اور پاوٴں پر کافور مل دیں اس کے بعد ازار کا بایاں پلہ میت کے اوپر لپیٹ دو پھر دایاں لپیٹ دیں پھر لفافہ اسی طرح لپیٹو کہ بایاں پلہ نیچے اور دایاں اوپر رہے اس کے بعد کپڑے کی تین کتریں لے کر سر اور پاوٴں کی طرف سے اور کمر کے نیچے سے نکال کر ایک سے کفن کو باندھ دیں تاکہ ہوا سے یا ہلنے جلنے سے میت کا کفن ہٹ کر کوئی حصہ نہ کھلے۔

    عورت کے کفن میں دو زائد یعنی کل پانچ کپڑے ہیں تین تو وہی ہیں جو مرد کے کفن کے تحت لکھ دیئے دو زائد ایک سینہ بند جو بغل سے رانوں تک ہو اور چوڑائی میں اتنا ہو کہ بسہولت بندھ جائے (تقریباً دومیٹر) اور دوسرا سر بندہے ا س کو خمار اور اوڑھنی بھی کہتے ہیں مرد کے کفنانے کے سلسلہ میں کافور مل دیں تک جو کچھ لکھا ہے وہی صورت عورت کے کفنانے میں اختیار کریں کافور مل دینے کے بعد سرکے بالوں کے دو حصے کرکے قمیص کے اوپر سینہ پر ڈال دیں ایک حصہ داہنی طرف اور دوسرا بائیں طرف اور سر بند کو سر اور بالوں پر ڈال دیں اور سینہ بند کے سلسلہ میں یہ تفصیل ہے کہ اس کو ازار کے اوپر اور قمیص کے نیچے رکھیں یہ بھی درست ہے اور اگر قمیص کے اوپر رکھ کر ازار سے پہلے اس کو باندھ دیں یہ بھی صحیح ہے اور کفن بچھاتے وقت سب سے پہلے سینہ بند کو لفافہ سے پہلے بچھادیں تاکہ سب سے اوپر اس کو باندھ دیا جائے اس میں بھی کچھ مضائقہ نہیں ہے اس طرح کفن پہنا دینے کے بعد تین کپڑوں سے باندھ دیں جیسا کہ اوپر لکھا گیا یہ تفصیل فتاویٰ ہندیہ (ب) علم الفقہ (ج) مسائل میت وغیرہ سے ماخوذ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند