• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 10423

    عنوان:

    کیا عورتیں بھی جنازے کی نماز پڑھ سکتی ہیں جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے انتقال پر پہلے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین نے جنازہ کی نماز پڑھی، پھر گھر والوں نے،پھر دوسرے لوگوں نے، تو کیا عورتیں بھی جنازہ کی نماز پڑھ سکتی ہیں؟ (۲)کیا ایک جنازہ کی نماز ایک ہی گاؤں میں کئی دفعہ پڑھ سکتے ہیں؟ اگر جگہ یا شہر بدل جائے تو کیا حکم ہے؟ (۳)کیا نماز جنازہ ادا ہونے کے بعد مردے کا چہرہ دکھانا یا دیکھنا جائز ہے؟ اگر ہے تو کن صورتوں میں؟ (۴)کیا قبر میں دفن ہونے کے بعد بھی کوئی رشتے دارجو جنازہ کی نماز کے وقت نہیں تھا اگر آجائے تو کیا قبر پر نماز جنازہ ادا کرسکتا ہے؟ (۵)کیا اگر کوئی آدمی جنازے میں شرکت نہیں کرسکتا ہو تو کیا وہ دوسرے شہر میں رہ کر ہی میت کے لیے جنازے کی نماز ادا کرسکتا ہے؟  (۶)جنازے کی نماز کے فرائض کیاکیا ہیں؟ اگرکوئی واجب چھوٹ جائے تو کیا نماز دہرانا چاہیے؟ (۷)قبر ایک بالشت کرنے کے بعد وہ مٹی نہ سرکے اس غرض سے یا پھر قبر کی نشاندہی کے لیے اطراف سے اگر ایک دو بالشت کے پتھر کے ٹکڑے گاڑ دیں تو کیا یہ جائز ہے؟ (۸) کیا قبر پر چونا لگانا جائز ہے؟  (۹) کیا قبر پر بیری کے کانٹے اور پھول کے پودے لگانا درست ہے؟  (۱۰) میت کو نہلانے کے لیے پانی گرم کرتے وقت بیری کے پتے پانی میں ڈالنا کیسا ہے؟ ....

    سوال:

    (۱)کیا عورتیں بھی جنازے کی نماز پڑھ سکتی ہیں جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے انتقال پر پہلے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین نے جنازہ کی نماز پڑھی، پھر گھر والوں نے،پھر دوسرے لوگوں نے، تو کیا عورتیں بھی جنازہ کی نماز پڑھ سکتی ہیں؟

    (۲)کیا ایک جنازہ کی نماز ایک ہی گاؤں میں کئی دفعہ پڑھ سکتے ہیں؟ اگر جگہ یا شہر بدل جائے تو کیا حکم ہے؟

    (۳)کیا نماز جنازہ ادا ہونے کے بعد مردے کا چہرہ دکھانا یا دیکھنا جائز ہے؟ اگر ہے تو کن صورتوں میں؟

    (۴)کیا قبر میں دفن ہونے کے بعد بھی کوئی رشتے دارجو جنازہ کی نماز کے وقت نہیں تھا اگر آجائے تو کیا قبر پر نماز جنازہ ادا کرسکتا ہے؟

    (۵)کیا اگر کوئی آدمی جنازے میں شرکت نہیں کرسکتا ہو تو کیا وہ دوسرے شہر میں رہ کر ہی میت کے لیے جنازے کی نماز ادا کرسکتا ہے؟

    (۶)جنازے کی نماز کے فرائض کیاکیا ہیں؟ اگرکوئی واجب چھوٹ جائے تو کیا نماز دہرانا چاہیے؟

    (۷)قبر ایک بالشت کرنے کے بعد وہ مٹی نہ سرکے اس غرض سے یا پھر قبر کی نشاندہی کے لیے اطراف سے اگر ایک دو بالشت کے پتھر کے ٹکڑے گاڑ دیں تو کیا یہ جائز ہے؟

    (۸) کیا قبر پر چونا لگانا جائز ہے؟

    (۹) کیا قبر پر بیری کے کانٹے اور پھول کے پودے لگانا درست ہے؟

    (۱۰) میت کو نہلانے کے لیے پانی گرم کرتے وقت بیری کے پتے پانی میں ڈالنا کیسا ہے؟

    (۱۱)اگر کسی کو کفن کترنے نہ آتا ہو تو جو کمی بیشی ہوگی اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟

    (۱۲)لوگ میت کے تیسرے، دسویں اورچالیسویں دن زیارت اورکھاناکھلانا کرتے ہیں یہ کیسا ہے؟

    (۱۳)لوگ دسویں دن ایصال و ثواب کا کھانا بناکر گھر گھر دعوت بھی دیتے ہیں جس سے اکثر مال دار لوگ دعوت قبول کرکے کھاناکھاتے ہیں، کیا اس طرح کا کھاناکھانا صحیح ہے؟

    (۱۴)جنازے کی نماز میں اگر ایک یا دو تکبیر ہونے کے بعد جاکر شامل ہوں تو نماز پوری کیسے کرنا چاہیے؟

    (۱۵)اگر مردے کو نہلانے کی مکمل جگہ نہ ہو تو کیا مردے کو گڑھا کئے بغیر زمین پر یا گٹر پر تختہ رکھ کر نہلا سکتے ہیں جب کہ وہ پانی پیروں میں اور گٹر میں جا رہا ہو؟ وہ پانی پاک ہے یا ناپاک؟

    (۱۶)کیا میت کو غسل دینے والے پر غسل کرنا واجب ہے؟

    جواب نمبر: 10423

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 217=178/ل

     

    (۱) تنہا عورتوں کی جماعت جنازہ مکروہ نہیں ہے، بلکہ تنہا ایک عورت بھی نماز جنازہ پڑھ لے تو بھی فرض ساقط ہوجاتا ہے: واعلم أن جماعتھن لا تکرہ في صلاة الجنازہ (الدر المختار) البتہ عورتوں کا مردوں کی جماعت میں حاضر ہوکر ادا کرنا مطلقا مکروہ ہے: ویکرہ حضورھن الجماعة (الدر المختار)

    (۲) نماز جنازہ میں تکرار جائز نہیں ہے، البتہ اگر اذن ولی کے بغیر پڑھی گئی ہو تو ولی کو اعادہ کا حق ہے، اس صورت میں بھی جو لوگ پہلے پڑھ چکے ہوں ان کو ولی کے ساتھ دوبارہ پڑھنا جائز نہیں، جنازے میں یا شہر کی تبدیلی سے بھی وہی حکم ہے کہ اگر اذن ولی سے نماز جنازہ پڑھی گئی تو دوبارہ نماز جنازہ جائز نہیں۔

    (۳) نماز جنازہ کے بعد اگر کوئی قریبی رشتہ دار آجائے تو اس کو مردے کا چہرہ دکھاسکتے ہیں البتہ اس کو رسم بنانا جائز نہیں۔

    (۴) نہیں کرسکتا۔

    (۵) غائبانہ جنازہ کی نماز ادا کرنا عند الحنفیہ جائز نہیں: فلا تصح علی غائب ومحمول علی دابة (الدر المختار مع الشامي: ۳/۱۰۵، زکریا دیوبند)

    (۶) جنازہ کی نماز میں دو فرض ہیں۔ (۱) تکبیراتِ اربعہ۔ (۲) قیام اگر کسی سے تکبیر فوت ہوجائے تو جب تک کوئی مانع صلاة امر پیش نہ آئے، تکبیر کہہ سکتا ہے۔

    (۷) قبر کے ارد گرد پتھر لگانا بہتر نہیں، البتہ بطور علامت کے قبر کے پاس پتھر رکھ سکتے ہیں۔

    (۸) ناجائز ہے۔

    (۹) جائز نہیں۔

    (۱۰) جائز بلکہ بہتر ہے۔

    (۱۱) معاف ہوگا۔

    (۱۲، ۱۳) ایصال ثواب کے لیے دن متعین کرکے کھانا کھلانا، ناجائز اور بدعت ہے۔

    (۱۴) ایسا شخص امام کے سلام پھیرنے کے بعد جنازہ کے کندھے پر اٹھائے جانے سے پہلے بقیہ تکبیر کہہ لے۔

    (۱۵) جی ہاں! نہلا سکتے ہیں، گرنے والا پانی ناپاک شمار ہوگا۔

    (۱۶) واجب نہیں مستحب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند