• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 557

    عنوان: مولانا الیاس کون تھے؟

    سوال:

    میں پاکستان کا رہنے والاہوں اور انجیئرنگ کا طالب علم ہوں۔ میں? تبلیغ ?کے بارے میں پوچھنا چاہتا ہوں۔

     

    مولانا الیاس کون تھے؟ اور یہ لوگ (تبلیغ والے) کیا کرتے ہیں؟اکثر وہ ہمارے پاس آتے ہیں اورایسا تبلیغ کرتے ہیں جیسے کہ ہم کچھ معلوم ہی نہ ہو۔ وہ ہمیں تین دن (جماعت میں نکلنے) کے لیے دعوت دیتے ہیں۔ ہم ان کو کیا جواب دیں اور ان کے ساتھ کیسا معاملہ کریں؟ذاتی طور پر مجھے اچھا نہیں لگتا کہ کوئی آئے اور ہماری تعلیم میں خلل ڈالے۔ ان کے بارے میں مجھے کچھ رہ نمائی عطا فرمائیں۔ کیا وہ کوئی نیا طریقہ یا فرقہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں؟نیز، وہ کس امام کے ماننے والے ہیں؟

    جواب نمبر: 557

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 225/م=229/م)

     

    مولانا الیاس صاحبہندوستان کے معروف ضلع مظفرنگر کے مشہور قصبہ کاندھلہ سے تعلق رکھنے والے ایک جید و باکمال عالم دین، دین اسلام کے بڑے داعی و مبلغ اور اصلاح امت کی فکر میں ہمہ وقت بے چین رہنے والے ایک باہمت اور عظیم انسان تھے، حنفی المذہب، مسلک علمائے دیوبند کے ترجمان اورحضرت مولانا اشرف علی تھانوی کے ہم عصر تھے۔

     

    تبلیغ والے لوگوں کو دین کے بنیادی ارکان، نماز روزہ وغیرہ کی دعوت دے کر ان کی زندگی میں صحابہ والی صفات پیدا کرنے کی کوشش اور ان کی پوری زندگی خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مرضیات کے مطابق گذارنے کی دعوت و تبلیغ کرتے ہیں۔ تبلیغ والے آپ کے پاس آئیں تو آپ ان کی بات غور سے سنا کریں کیوں کہ ہرشخص دین کا محتاج ہے اورہرایک کو اصلاح کی ضرورت ہے، اوراپنی تعلیم کا خیال رکھتے ہوئے فارغ اوقات جماعت میں لگانے کی کوشش کریں۔ یہ کوئی نیا فرقہ بنانے کی کوشش نہیں کررہے ہیں بلکہ امت کو موجودہ پستی سے نکالنے اور لوگوں میں فساد و بگاڑ کے اصلاح کی فکر و کوشش کرتے ہیں، اس کے لیے وہ لوگوں کے حالات و ضروریات اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک آسان سی ترتیب کی پابندی پر زور دیتے ہیں جس کی تکمیل کوئی دشوار نہیں ہوتی۔ اس جماعت میں ہرمسلک حق کے ماننے والے موجود ہیں۔ تفصیل کے لیے دیکھئے: مولانا محمد الیاس اور ان کی دینی دعوت، آپ کے مسائل او ران کا حل اور فتاویٰ محمودیہ وغیرہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند