• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 161991

    عنوان: كوئی ایسی كتاب بتائیں جس سے میں اپنے كالج میں غیروں كی غلط فہمی دور كرسكوں؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرامِ مسئلہ ذیل کے بارے میں ہمارے مذہب اسلام میں صرف تبلیغی جماعت کا کام ہوتا ہے جو کہ مسلمانوں تک محدود ہے ، غیر مسلم حضرات میں کوئی دعوتِ اسلام یا ان کے ذہن میں اسلام کو لے کر یا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہِ وسلم کے بارے میں جو سوال یا غلط فہمیاں ہیں ان کو دور کرنے کا کام نہیں ہوتا ہے ۔ مفتی صاحب کچھ ایسی کتب کے بارے میں بھی بتایں جن کا مطالعہ کرکے میں اپنے کالج میں غیروں کو سمجھا سکوں یا ان کی غلط فہمیاں دور کر سکوں۔ غیر مسلم سے علمائے دیوبند کے مناظروں کی کتب بھی بتائیں۔ اس کام کے تعلق سے کیا ہو رہا ہے ۔ کوئی جماعت غیروں میں کام کر رہی ہے تو اس کا بھی تعارف کروایں۔ آ پ سے دوسرا سوال ہے "محاضرات رد عیسائیت" اور ہندوازم صرف اردو میں کیوں ہے ۔ انگریزی اور ہندی میں اسکا ترجمہ کیوں نہیں مجھے ایسا اس لئے لگتا ہے کیوں کہ عیسائی مذہب میں انگریزی کتب ہیں اور ہندو مذہب میں کتب ہندی میں ہیں۔ تو ان کے لحاظ سے جواب دینا زیادہ آسان ہو جائے گا۔ باقی آ پ لکھنے والے علماء کی مصلحت کو بتایں۔ "محاضرات رد یہودیت ، رد سکھ ، رد بودھ ،رد جئین" کی بھی ضرورت ہے ۔اس کے لئے بھی کچھ لکھا ہے یا کوئی کتاب بتایں۔

    جواب نمبر: 161991

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1174-946/sd=9/1439

    اسلام کیا ہے؟ حضرت مولانا محمد منظور نعمانی رحمہ اللہ کی کتاب ہے ،اردو ہندی انگلش تینوں زبانوں میں دستیاب ہے،اس کتاب کو حاصل کرلیں اور حکمت و تدبیر کے ساتھ غیر مسلموں کو پڑھنے کے لیے دیں اور خود بھی اس کا مطالعہ اچھی طرح کرکے مضامین مستحضر کرکے بیان کردیا کریں۔آپ کے دوسرے جو سوالات ہیں، وہ واقعی قابل توجہ ہیں، انشاء اللہ ذمہ داران تک آپ کی بات پہنچادی جائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند