• معاشرت >> لباس و وضع قطع

    سوال نمبر: 67235

    عنوان: کیا سبز عمامہ پہننا بدعت ہے ؟

    سوال: کیا سبز عمامہ پہننا بدعت ہے اور اس حدیث کی وضاحت فرما دیں ۔حضرت سعید خدری سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میری امت کے ستر ہزار لوگ سبز شال پہنے دجال سے جاملیں گے۔ (حوالہ: مشکوة المصابیح ص:۱۵۱۵،۱۵۱۶، کتاب الفتن فصل ثانی، بعد علامات بیانی یدیہی اشاعت و ذکرِ دجال، حدیث: ۵۴۹۰)۔

    جواب نمبر: 67235

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 845-845/B=11/1437 مشکوة کے حوالے سے جو حدیث آپ نے نقل فرمائی ہے بلاشبہ یہ حدیث موجود ہے اس حدیث میں صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ستر ہزار لوگ جو ریشمی ہرے رنگ کی یا ریشمی منقش چادر اوڑھے ہونگے۔ اس حدیث سے ہرے رنگ کا عمامہ باندھنا بدعت کیونکر ثابت ہوتا ہے۔ عمامہ کے بارے میں اس حدیث سے کچھ پتہ نہیں چلتا۔ البتہ یہ بات ضرور ہے کہ ہرے رنگ کا عمامہ باندھنے پر کوئی صحیح حدیث نہیں ملتی ہے جو لوگ ہری پگڑی باندھتے ہیں اور اسے افضل سمجھتے ہیں وہ محض یہ دلیل پیش کرتے ہیں کہ گنبد خضراء کا رنگ ہرا تھا، یا یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کوہرا رنگ محبوب تھا اس کی سند میں کوئی روایت کوئی حدیث نہیں ملتی، علامہ سیوطی الحاوی للفتاوی میں تحریر فرماتے ہیں کہ سبز رنگ کاعمامہ ۷۷۳ھ میں بادشاہ شعبان بن حسین کے حکم سے باندھا گیا تھا آٹھویں صدی کے پہلے ہرے رنگ کا عمامہ کا ثبوت نہیں ملتا۔ ان ہذہ العمامة الخضراء إنما حدثت فی سنة ثلاث وسبعین و سبعمائة بأمر الملک الأشرف یعنی شعبان بن حسین (الحاوی للفتاوی، ص:۳۳، ج:۱) بالکل یہی بات ابن حجر ہیتمی نے بھی اپنے فتاوی میں تحریر فرمائی ہے۔ (الفتاوی الحدیثیة ص: ۲۲۵) کچھ لوگ سبز عمامہ کو سنت سمجھتے ہیں اور بعض جماعت نے تو اسے اپنا شعار ہی بنا لیا ہے اپنی جماعت کی نشانی اور امتیاز بنا رکھا ہے۔ اور دوسرے رنگ کے عمامے کے مقابلہ میں سبز رنگ کے عمامہ کو ترجیح دیتے ہیں اور اسے فوقیت دیتے ہیں، ایسی صورت میں سبز پگڑی کا استعمال بدعت اور ممنوع ہوگا۔ کیونکہ کسی مباح و مندوب چیز کا التزام بدعت اور قابل ترک ہوتا ہے اور اگر کوئی سبز پگڑی کو دوسرے رنگوں پر ترجیح اور فوقیت نہ دے محض اس نیت سے باندھے کہ اللہ کے رسول کو سبز رنگ محبوب تھا، آپ نے سبز رنگ کا چادر زیب تن فرمائی ہوتو سبز پگڑی کا باندھنا مباح ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند