• معاشرت >> لباس و وضع قطع

    سوال نمبر: 160912

    عنوان: ناخن کے بڑھانے کے متعلق کیا حکم ہے ؟

    سوال: (۱) اسلام میں ناخن کے بڑھانے کے متعلق کیا حکم ہے ؟ چالیس دن کے اندر ناخن تراشنا اس طرح لازم ہے کے مکمل کاٹ لئیے جائیں یا پورے ناخن پر ناخن کٹر سے تھوڑا تھوڑا کاٹ کر مزید چالیس دن کے لئیے ناخن بڑھائے جا سکتے ہیں؟ (۲) میری بھانجی جو کے اس وقت پونے تین سال کی ہے ، گڈے گڑیا سے بہت شوق سے کھیلتی ہے ، تو ان چیزوں کا گھر میں ہونے سے نماز بالکل نہیں ہوتی؟ یا فرشتے نہیں آتے ؟ رکھنے کی اجازت ہے یا نہیں؟ (۳) ایک نماز کے دوران ہی چار سے چھ مرتبہ وضو ٹوٹ جاتا ہو اگر تو ہر بار وضو کرنا پڑے گا؟ یا یہ کسی بیماری میں شمار ہو گا اور ایک ہی وضو میں پوری نماز پڑھ سکتے ہیں؟ (وضو گیس کی وجہ سے ٹوٹتا ہے)

    جواب نمبر: 160912

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:997-130T/sd=9/1439

     ناخن کاٹنے کے لیے حدیث میں تقلیم کا لفظ استعمال ہوا ہے ، جس کے معنی کاٹنے کے ہیں ، محدثین نے لکھا ہے کہ ناخن اتنے کاٹنے چاہییں کہ جس میں انگلی میں تکلیف نہ ہو اورچالیس دن کی مدت زیادہ سے زیادہ ہے ، یعنی اس سے زیادہ تاخیر کرنا مکروہ تحریمی ہے ، ورنہ ہفتہ دس دن میں ناخن پورے کاٹ لینے چاہییں، یہ نہیں کہ تھوڑے تھوڑے کاٹ کر مزید چالیس دن تک ناخن بڑھائے جائیں۔ والتقلیم تفعیل من الْقَلَم وَہُوَ الْقطع، وَوَقع فِی حَدِیث الْبَاب فِی رِوَایَة: وقص الْأَظْفَار، والأظفار جمع ظفر بِضَم الظَّاء وَالْفَاء وسکونہا، وَحکی عَن أبی زید کسر الظَّاء وَأنْکرہُ ابْن سَیّدہ، وَقد قیل: إِنَّہ قِرَائَة الْحسن وَعَن أبی السماک أَنہ قریء بِکَسْر أَولہ وثانیہ، وَیسْتَحب الِاسْتِقْصَاء فِی إِزَالَتہَا بِحَیْثُ لَا یحصل ضَرَر علی الإصبع(عمدة القاری :۴۵/۲۲، باب تقلیم الاظفار ، ط: دار احیاء التراث العربی )

    (۲)نماز تو ہوجاتی ہے ؛ لیکن اگر گڈے گڑیا مصوّر ہوں، تو وہ تصویر کے حکم میں ہوں گے ، اُن کو گھر میں رکھنے سے احتراز کرنا چاہیے اور بچوں کو بھی باقاعدہ ناک کان وغیرہ کے ساتھ بنے ہوئے گڑیوں سے نہیں کھیلنے دینا چاہیے ۔

    (۳)اگر ریح کا خروج اس تسلسل سے ہوتا ہے کہ ایک نماز کے پورے وقت میں اتنا بھی خالی وقفہ نہیں ملتا کہ آپ وضو کرکے فرض نماز ادا کرسکیں، تو ایسی صورت میں آپ شرعاً معذور ہیں اورمعذور شرعی کے لیے حکم یہ ہے کہ اسی حال میں وضو کرکے نماز ادا کرلے نماز ہوجائے گی اور جب دوسری نماز کا وقت آئے تو دوسرا وضو کرکے نماز پڑھے ، پہلا وضو پہلی نماز کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ختم ہوجائے گااور اگر ریح کا خروج اس تسلسل کے ساتھ نہیں ہوا جو اوپر مذکور ہوا بلکہ آپ کو اتنا خالی موقع مل جاتا ہے کہ آپ وضو کرکے فرض نماز ادا کرسکتے ہیں ،تو ایسی صورت میں جب بھی ریح کا خروج ہوگا تو وضو ٹوٹ جائے گا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند