• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 157155

    عنوان: کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ آن لائن سامان کی خریداری؟

    سوال: کیا کریڈٹ کارڈ پر آنلائن شاپنگ کرتے ہوئے سامان خریدنا جائز ہے ؟ مثلاً اگر میں ایک لیپ ٹاپ جس کی قیمت نقد لینے پر 34000 ہزار ہوتی ہے بینک کے کریڈٹ کارڈ کے استعمال کے بعد بینک 12 مہینے کی مہلت دیتا ہے اور اس کی قیمت 44000 ہوجاتی ہے کیا اس طرح لینا جائز ہے ؟ اس میں قسطیں طے ہوتی ہیں کہ ہر مہینے اتنا بھرنا ہے آپ کو ۔خیال رہے کہ یہ سودا پورا آن لائن ویب سایٹ پر ہورہا ہے ، بینک لیپ ٹاپ کا مالک نہیں ہے ۔

    جواب نمبر: 157155

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:288-259/M=4/1439

    نقد کم قیمت پر اور ادھار (قسطوں پر) زیادہ قیمت پر سامان کی خرید وفروخت ناجائز نہیں ہے، بشرطیکہ مجلس عقد میں عاقدین کے درمیان نقد یا ادھار کا صاف معاملہ طے ہوجائے ۔ آن لائن خرید وفروخت میں بالعموم مبیع کا وجود نہیں ہوتا اور مبیع پر قبضہ بھی نہیں ہوتا اور قبضہ کیے بغیر دوسرے سے بیچنا جائز نہیں اور جب بیچنا جائز نہیں تو خریدنے والے کے لیے خریدنا بھی جائز نہیں۔ صورت مسئولہ میں جب بینک اس لیپ ٹاپ کا مالک نہیں ہے تو خریدار کس سے خریدتا ہے، بائع کون ہوتا ہے اور بینک کی حیثیت کیا ہوتی ہے اور درمیان میں بینک ۱۲مہینے کی مہلت کس حیثیت سے دیتا ہے؟ پوری صورت حال واضح کرکے سوال کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند